حکومت اسلام دشمنوں کے سامنے ڈٹ کر اسلامی موقف اختیار کرے،ہارون میمن

214

سکھر( نمائندہ جسارت)آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے چیئرمین اور آل پاکستان تاجر اتحاد کے سربراہ حاجی محمد ہارون میمن نے دستور پاکستان میں موجود قانون تحفظ ناموس رسالت ؐ سے متعلق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے دوٹوک موقوف کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا یہ بیان قانون ناموس رسالت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائیگا اسلامی قومی اور عوامی امنگوں کی ترجمانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت استقامت کا مظاہرہ کرے پوری قوم تحفظ ناموس رسالت کیلیے حکومت کا ساتھ دے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم حکومت کے غلط اقدامات پر اصلاحی تنقید کرتے ہیں اور اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہیں تو اچھے کاموں مثبت تعمیری اور بہر اقدامات کی بھی پذیرائی کرنا چاہئے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم کو اپنے اس بیان پر قائم و دائم رکھے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت کا معاملہ انتہائی حساس اور نازک ہے کوئی کلمہ گو مسلمان تحفظ ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت پر کسی قسم کی کوئی نرمی نہیں دکھا سکتا یہ دونوں ایمانی روحانی عقائد ہمارے ایمان کی جان مسلمان کی شان اور ہر عاشق رسول کی پہچان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری یورپی یونین مغربی ممالک امریکہ برطانیہ اسرائیل و بھارت سمیت تمام اسلام دشمن قوتوں کے سامنے ڈٹ کر اسلامی و قومی موقف اختیار کرے معاشی حالات کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں اللہ تعالیٰ نیک کاموں کی برکت سے انشاء اللہ پاکستان کو خوشحال فرمائیگا ترقی ہمارے قدم چومے گی۔