شہید زبیر احمد مجاہد بے باک اورنڈر صحافی تھے ،مقررین

154

جھڈو (نمائندہ جسارت) صحافت کے عالمی دن کے موقع پر جھڈو کے شہریوں اور صحافتی حلقوں نے شہید صحافت شہید زبیر احمد مجاہد کو ان کی صحافتی،سیاسی اور شہری خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے قاتلوں کی جلد گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے،مختلف سیاسی، صحافتی حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں حاجی نثار قائم خانی،ڈاکٹر شمشماد علی،جھڈو پریس کلب کے سرپرست اعلیٰ بابو شوکت علی، صدر خالد پرویز صدف، محمد عمر خان،عبدالسلام عارف ڈاکٹر ہاشم علی،حنیف تاج، ندیم نواب،اظہرجمیل آرائیں و دیگر رہنمائوں کا کہناہے کہ شہید زبیر احمد مجاہد ایک بے باک نڈر اور جرأت مند صحافی،مظلوموں کے سچے وکیل تھے۔ انہوں نے قلم کی حرمت پر کبھی سمجھوتا نہیں کیا ان کی شہری سیاسی اور صحافتی خدمات ناقابل فراموش ہیں،حق گوئی اور بیباکی کے جرم میں انہیں 21نومبر 2008ء کو میرپورخاص میں نامعلوم افرادنے گولیاں مارکر شہید کردیاتھا لیکن بدقسمتی سے ان کے قاتل 13سال گزر جانے کے باوجود بھی تاحال آزاد ہیں اور ان کے اندھے قتل کی تحقیقات کو پولیس نے سرد خانے میں ڈال دیاہے ۔رہنمائوں نے کہاکہ پولیس شہید زبیر احمد مجاہد کے قتل کی از سر نو تحقیقات کرکے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائے۔