چوری شدہ ووٹ واپس لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،مریم نواز

209

لاہور(نمائندہ جسارت)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور مرکزی نائب صدر مریم نواز نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ این اے 249 میں دوبارہ گنتی کرانے کی درخواست کی منظوری کی خبر سن پر خوشی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی حریفوں کے درمیان ووٹوں کے انتہائی کم فرق کی وجہ سے شفافیت کی خاطر یہ فیصلہ ہوا اور یقیناً ووٹ کی ساکھ ہی جمہوریت کی بنیاد ہے۔مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے بھی ردعمل میں کہا ہے کہ اپنے چوری ووٹ واپس لینے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ان کا کہنا تھاکہ دھاندلی دوبارہ گنتی میں پکڑی جائے یا اس کے بعد کے اقدامات میں مگر پکڑی تو جائے گی کیونکہ دھاندلی تو ہوئی ہے اور زیادہ دیر تک چھپی نہیں رہے گی۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مسترد ووٹوں کا تفصیلی جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔