اسٹیل ملز میں آکسیجن پلانٹس چلانے کیلئے ایک ارب خرچ کریں گے،مراد علی شاہ

214

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کوروناوائرس صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی حکومت ایک ارب روپے کی لاگت سے اسٹیل ملز میں آکسیجن پلانٹس کو چلانے پر خرچ کرے گی، ہم ایک انتہائی سنگین صورتحال سے گزر رہے ہیں لہٰذا ہمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روزوزیراعلیٰ ہائوس میں ڈاکٹروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبائی وزرا ، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو ، ناصر شاہ ، مشیر مرتضیٰ وہاب ، چیف سیکر ٹری ممتاز شاہ ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو ، ڈاکٹر سعید قریشی،ڈاکٹر باری ، ڈاکٹر فیصل ، ڈاکٹر شہلا ،ڈاکٹر سیمی جمالی ، ڈاکٹر نصرت شاہ ، ڈاکٹر رقیق کھوکھر ، ڈاکٹر قیصر سجاد ، ڈاکٹر غفار شورو ، ڈاکٹر شریف ہاشمی ، ڈاکٹر قاضی واثق ، ڈاکٹر انوپ ، ڈاکٹر فیصل محمود ، ڈاکٹر صابر میمن و دیگر نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کورونا وائرس کی نئی لہر نے پاکستان کے مختلف بڑے شہروں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اس کی شدت کا سامنا ہے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے جو بھی ممکن نظر آتا ہے وہ اقدامات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، معروف ڈاکٹروں سے ملاقات کا مقصد صورتحال کا جائزہ لینا اور وائرس پر قابو پانے سے متعلق سفارشات کو قائم کرنا ہے۔ڈاکٹروں نے پہلی لہر سے ہی وزیر اعلیٰ سندھ کی ابتدائی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کراچی میں متعدد بیماریوں کے اسپتال کا قیام ، ہر ضلع میں وینٹی لیٹرز کی فراہمی اور ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی بھرتی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سے آکسیجن کی تیاری کے لیے ضروری انتظامات کرنے کی اپیل کی۔