بھارت کی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی ورکنگ بائونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ

211

اسلام آباد(نمائندہ جسارت ) بھارت کی جانب سے سیزفائرکی خلاف ورزی سے ورکنگ بائونڈری پر چاروا سیکٹر میں بھارت کی جانب سے فائرنگ کی گئی اور بھارتی بارڈرسیکورٹی فورسز نے چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹرز سے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے بعد دفتر خارجہ نے بھارتی ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا۔اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے بیان دیا کہ فائر بندی معاہدے کے بعد خلاف ورزی پرگزشتہ روز پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا گیا جس میں لکھا گیا کہ بھارت حالیہ سیز فائر معاہدے کی پاسداری کرے اور مقامی آبادی کو نشانہ بنانا بند کرے۔ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ بھارت کو اس کی جنگ بندی مفاہمت کا احترام کرنے کی ذمہ داری یاد کرائی گئی جبکہ اس حوالے سے بھارتی میڈیا نے رپورٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ بارڈر سیکورٹی فورسز کی پیٹرولنگ پارٹی پر رام گڑھ سیکٹر جموں پر پنجاب رینجرز نے فائرنگ کی۔پاکستان نے بھارتی میڈیا کے بیان کو سختی سے مسترد کر تے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی بھارت کی جانب سے کی گئی جس کے بعد پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔