اسلامی نظام کے نفاذ کیلیے دردانہ صدیقی کا ارکان اسمبلی کے نام خط

148

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ معاشرے میں’’ تعاونو علی البر‘‘ کی فضا پیدا کرنے کی ضرورت ہے، چھوٹی چھوٹی نیکیاں بھی بڑی تبدیلی لا سکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ارکان اسمبلی کے نام جاری اپنے خط میں کیا۔ خط میں توجہ دلائی گئی کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں معرض وجود میں آنے والے وطن عزیز پاکستان کے آئین کی رو سے ہمیں اسلامی نظریہ حیات اور اسلام کے عقائد وعبادات کو اصل روح کے ساتھ نافذ کرنا ہے۔ پاکستان کے آئین ساز ادارے کے رکن کی حیثیت سے آپ کی ذمے داری بے حداہمیت کی حامل ہے۔ ایسی قانون سازی جس کے ذریعے رمضان المبارک کے بابرکت اثرات معاشرتی زندگی میں نظر آ ئیں، رمضان المبارک کے تقدس کو پامال کر نے والی سرگرمیوں کا سد باب، میڈیا پر بے لگام غیر اسلامی پروگرامات پر کنٹرول، دینی پروگرامات اہل اور با اثر عمائدین سے منعقد کرانے کے انتظامات، غیر اخلاقی سرگرمیوں کواخلاقی سانچے میں ڈھالنا یہ سب افعال اصلاح کی غرض سے آپ کی توجہ اور اختیارات کے متقاضی ہیں۔ رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے بتایا کہ خواتین ارکان اس کا مطالعہ بھی کررہی ہیں اور ان کی جانب سے تبصرے بھی موصول ہوئے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے سید عبدالرشید کے تعاون پر ان کے لیے دعائے خیر اور شکریہ ادا کیا۔