یورپی یونین کی قرارداد کیخلاف ملک گیر تحریک چلائینگے،الیاس چنیوٹی

219

کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ پاکستان کے امیر اور رکن پنجاب اسمبلی مولانا الیاس چنیوٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یورپی یونین میں قرارداد کی منظوری کے وقت نااہلی کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی سفارت کاروں اور دفتر خارجہ کے متعلقہ حکام کو قرار واقع سزا دی جائے،انہوں نے اعلان کیاہے کہ عید الفطر کے بعد یورپی یونین کی قرارداد کے خلاف ملک بھر میں تحریک چلائی جائے گی، انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اسلامی احکام اور قانون کا احترام کرتے ہوئے یورپی یونین کے امتیازی سلوک کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائیں، ہماری ایمانی بقا کا مسئلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کراچی پریس کلب میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مولانا بدر عالم چنیوٹی، سردار خان اور مولانا محمد بھی موجود تھے۔ مولانا محمد الیاس چنیوٹی نے کہاکہ توہین رسالت کی سزا میں ترمیم ہرگز قبول نہیں کریں گے ، یورپی یونین ناموس رسالت کے متعلق قوانین کے ساتھ کھلواڑ نہ کرے، یہ ہمارے دینی معاملات میں کھلی مداخلت ہے ،فرانس میں بننے والے خاکوں کے بارے میں حکمرانوں نے جو گومگو کی پالیسی اپنائے رکھی اس کا لازمی نتیجہ اب یورپی یونین کا یہ اسلام دشمن اقدام ہے، فرانسیسی سفیر کو نکالنا حکومت وقت کی ذمے داری تھی مگر حکومت مصلحت کا شکار رہی۔انہوں نے کہاکہ اگر وزیراعظم اپنے کہے ہوئے الفاظ کی لارج رکھ آگے بڑھیں گے تو اس ایشو پر ہم ہر ممکن تعاون کریں گے۔