سندھ ہائیکورٹ:گندم چوری کیس‘نثار کھوڑوکیخلاف تحقیقاتی رپورٹ طلب

281

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے صوبے کے گوداموں سے کروڑوں روپے کی گندم چوری کی نیب انکوائری اور ضمانت سے متعلق دائر درخواستوں پر نیب حکام سے پیپلز پارٹی کے رہنما نثار کھوڑو و دیگر کے خلاف انکوائری مکمل کر کے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں2 رکنی بینچ نے درخواستوں کی سماعت کی۔ فاضل عدالت نے نثار کھوڑو کی ضمانت میں 16جون تک توسیع کردی۔دوران سماعت پی پی پی رہنما بیرون ملک ہونے کے سبب پیش نہیں ہوئے ۔ اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نثار کھوڑو کے خلاف محکمہ فوڈ میں کرپشن سے متعلق انکوائری کی جاری ہے اور مزید انکوائری کرنی ہے جبکہ جواب جمع کرنے کے لیے مہلت دی جائے۔ بعد ازاں عدالت سماعت 16جون تک ملتوی کردی ۔