سینیٹ ‘مظاہرین پر چڑھائی کیخلاف جماعت اسلامی کی قرارداد

172

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) فرانس میں توہین رسالت پر مبنی خاکوں کے حوالے سے حکومت نے افہام وتفہیم کے بجائے طاقت کے استعمال پر قرارداد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی،قرارداد سینیٹ میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر مشتاق احمد خان نے جمع کرائی ،قرارداد میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے موقف اپنایا ہے کہ اس انتہائی اہم اور حساس مسئلے کے حوالے سے حکومت نے روایتی سستی کا مظاہرہ کیا ہے جس پر عوام نے شدید احتجاج کیا جس کے نتیجے میں متعدد لوگ اور پولیس کے ملازمین شہید اور سیکڑوں زخمی ہو گئے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ معزز ایوان تحفظ ناموس رسالت اور حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خاتم النبیین ہونے کے قانون پر دل وجان سے عملدرآمد اور مکمل احترام کا اعادہ کرتا ہے اور اپنے عقیدے کے تحفظ کے لیے اسے اپنے ایمان کے لیے جزلاینفک سمجھتا ہے۔سینیٹ آف پاکستان ختم نبوت اور حرمت رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے قانون کے خلاف اندرونی وبیرونی سرگرمیوں کو مسترد کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ تحفظ ختم نبوت اور ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کو خارجہ اور داخلہ پالیسیوں کا محور بناتے ہوئے ہر اس ملک سے جو سرکاری طور پر توہین رسالت کے اقدامات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، کے ساتھ سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کرے۔ حکومت پاکستان نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس کی تحفظ کے حوالے سے اس ایوان کی منظور کردہ قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ ختم نبوت اور ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی حالیہ تحریک کے دوران گرفتار ہونے والے افراد کو بلا تاخیر رہا کیا جائے اور ان کے خلاف مقدمات ختم کیے جائیں۔