میکسیکو: معلق ریل گاڑی گر گئی ، 23 افراد ہلاک

420
میکسیکو سٹی: پل ٹوٹنے کے باعث میٹرو ٹرین زمین پر گری ہوئی ہے‘ زخمی مسافر کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے

میکسیکو سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) میکسیکو کے دارالحکومت میں ایک میٹرو ٹرین پل سے گزر رہی تھی کہ اس کا ایک حصہ منہدم ہو گیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق دارالحکومت میکسیکو سٹی میں پیر اور منگل کی درمیانی شب میٹرو ریل ٹریک کا کچھ حصہ گر گیا، جس کی وجہ سے ملبہ اور ٹرین کے بعض ڈبے نیچے سڑک پر آ گرے۔ امدادی ایجنسی رسک مینجمنٹ اور سول پروٹیکشن ایجنسی کے حکام کا کہنا ہے کہ اس حادثے میں اب تک 23 افراد ہلاک اور 70 کے قریب زخمی ہو ئے ہیں۔ زخمیوں کو قریب کے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جس مقام پر ٹرین کے ڈبے گرنے کا واقعہ پیش آیا وہاں کھڑی کچھ کاریں بھی اس کی زد میں آئی ہیں جو ملبے کے نیچے دب گئیں۔ شہر کی میئر کلوڈیا شین بام نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے کے بعد اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہفائر بریگیڈ اور محکمہ پبلک سیفٹی کے لوگ ایک ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ کئی اسپتالوں میں زخمیوں کا علاج چل رہا ہے اور اس بارے میں مزید اطلاعات جلد ہی فراہم کی جائیں گی۔ میئر کا کہنا تھا کہ کہ یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً ساڑھے 10 بجے پیش آیا اور اس کی وجہ یہ تھی کہ ایک سپورٹ بیم اپنی جگہ سے ہٹ گیا تھا۔ اس حادثے سے متعلق ٹوئٹر پر ایک وڈیو میں پل کو نیچے اس مصروف سڑک پر گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جس پر چلتی ہوئی کاروں کا ازدہام ہے۔ ایک دیگر وڈیو میں ٹرین کے بعض حصوں کو فضا میں معلق دیکھا جا سکتا ہے، جب کہ اس سے متعلق ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ان ڈبوں میں اب بھی بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب میٹرو ریل شہر کے جنوبی علاقے اولیواس سے ٹیزنوکو جا رہی تھی۔ یہ حادثہ شہر کی میٹرو لائن نمبر 12 پر پیش آیا ہے۔ اس میٹرو لائن کی تعمیر کے دوران کئی بار اس میں بے ضابطگیوں کی شکایتیں ملی تھیں۔