امریکا : مسلح شخص کی سی آئی اے ہیڈ کوارٹر میں گھسنے کی کوشش

200

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے صدر دفاتر میں گھسنے کی کوشش کرنے والے ایک مسلح شخص کو وہاں موجود وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے اہل کاروں نے گولی مار دی۔ ملزم شدید زخمی ہے اور اسے اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد ایف بی آئی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا کہ امریکی ریاست ورجینیا میں لینگلی کے مقام پر اس مسلح شخص نے مقامی وقت کے مطابق پیر کی رات سی آئی اے کے انتہائی حد تک سخت سیکورٹی انتظامات والے ہیڈ کوارٹرز کی عمارت میں زبردستی داخلے کی کوشش کی۔ بیان کے مطابق یہ شخص موقع پر پہنچ کر جب اپنی گاڑی سے باہر نکلا، تو اس کے پاس ایک آتشیں ہتھیار تھا۔ اس پر وہاں موجود ایف بی آئی کے اہل کاروں نے اسے روکنے کی کوشش کی، مگر یہ شخص سی آئی اے ہیڈ کوارٹرز کے مرکزی دروازے سے گزرنے کی کوشش کرتا رہا۔ اس پر وہاں موجود ایف بی آئی کے سیکورٹی اہل کاروں کو اس مشتبہ ملزم کو قابو کرنے کے لیے گولی چلانا پڑ گئی۔ بیان کے مطابق اس واقعے میں سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی کے صدر دفاتر کی حفاظت کسی بھی وقت خطرے میں نہیں تھی اور سیکورٹی اسٹاف نے اس مسلح شخص کی وجہ سے پیدا ہونے والے خطرے کا موقع پر ہی ازالہ کر دیا۔ زخمی ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، مگر اس کے اس دانستہ غیر قانونی اقدام کی وجوہات کی چھان بین جاری ہے۔ امریکی ریاست ورجینیا میں لینگلی کا مضافاتی علاقہ ملکی دارالحکومت واشنگٹن کے میٹروپولیٹن علاقے ہی کا حصہ ہے اور وہاں گزشتہ چند ماہ سے سلامتی کے انتظامات مزید سخت کیے جا چکے ہیں۔ پولیس کے مطابق پارلیمانی عمارت میں بدامنی کے دوران 4 افراد مارے گئے۔ ان میں سے ایک شخص گولی لگنے سے ہلاک ہوا تھا، جب کہ باقی3 افراد کی موت کی وجہ میڈیکل ایمرجنسی بتائی گئی تھی۔