فرانس کا مصر کو 30 رافیل طیارے فروخت کرنے کا اعلان

159

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس نے مصر کو ساڑھے 4 ارب ڈالر میں 30 رافیل لڑاکا طیارے فروخت کرنے کے سودے پر اتفاق کرلیا۔ تحقیقاتی ویب سائٹ ڈسکلوز نے پیر کے روز خفیہ دستاویز کے حوالے سے اس سودے کا انکشاف کیا۔ فرانسیسی حکومت کے ایک ذریعے نے ڈسکلوز کی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مصر کے ساتھ دراصل بہت اعلیٰ سطح کی بات چیت ہوئی ہے۔ اس ضمن میں بہت جلد اعلان کیا جاسکتا ہے۔ اس کے بعد منگل کے روز فرانسیسی وزارت دفاع نے ایک بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ فرانس نے مصر کے ساتھ 30 رافیل طیارے فروخت کرنے کے معاہدے پر دستخط کردیے ہیں۔ فرانسیسی صدر عمانویل ماکروں نے گزشتہ دسمبر میں کہا تھا کہ وہ مصرکوہتھیاروں کی فروخت کا معاملہ انسانی حقوق کی صورت حال سے مشروط نہیں کریں گے، کیوں کہ وہ مصر کی خطے میں دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیت کو کمزور نہیں کرنا چاہتے ہیں۔ انہیں اس بیان پر کڑی تنقید کا نشانہ بننا پڑا تھا۔ ڈسکلوز نے کہا ہے کہ فرانس اور مصر کے درمیان سمجھوتے میں میزائل مہیا کرنے والی فرم ایم بی ڈی اے اور دفاعی آلات فروخت کرنے والی فرم سفران الیکٹرانکس اینڈ ڈیفنس کے ساتھ ٹھیکے بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ فرانس 2013ء سے 2017ء تک مصرکو اسلحہ بیچنے والا بڑا ملک رہا ہے۔