سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں31مئی کی جائے،پائما

42

کراچی( اسٹاف رپورٹر )پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن( پائما) کے سینئر وائس چیئرمین و نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری( ایف پی سی سی آئی) حنیف لاکھانی، پائما کے وائس چیئرمین و کنوینر ایف پی سی سی آئی یارن ٹریڈنگ قائمہ کمیٹی فرحان اشرفی نے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)سے سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں31مئی2021 تک توسیع کا مطالبہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ ملک کے بہتر ترین معاشی مفاد میں عیدالفطر کی اعلان کی گئی طویل تعطیلات کو کم کیا جائے۔منگل کو جاری ایک بیان میں حنیف لاکھانی اور فرحان اشرفی نے چیئرمین ایف بی آر کی توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہاکہ عیدالفطر کی تعطیلات کے باعث سیلز ٹیکس ریٹرن جمع کروانے کی کی تاریخ عید کی چھٹیوں میں آرہی ہے جس کی وجہ سے تاجر برادری اپنے ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرواسکیں گے لہٰذا یہ ضروری ہے کہ ریٹرن جمع کروانے کی تاریخ میں کم ازکم 31مئی 2021 تک توسیع کی جائے تاکہ تاجر برادری بغیر کسی دشواری کے اپنے ریٹرن بروقت جمع کرواسکیں۔پائما کے رہنماؤں نے وفاقی حکومت کی جانب سے عیدالفطر پر طویل تعطیلات کے اعلان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کورونا کی وبا نے پہلے ہی تجارتی وصنعتی سرگرمیوں کوماند کردیا ہے۔