منگھوپیر میں مقابلے کے بعد اغوابرائے تاوان کے تین ملزمان ہلاک

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر)منگھوپیر میں مبینہ پولیس مقابلے میںاغواء برائے تائوان کے 3ملزمان ہلاک ہوگئے،پولیس نے2مغویوں کو بازیاب کرالیا،غوا کاروں نے مغویوں کی رہائی کے لیے 5 کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا ۔تفصیلات کے مطابق پولیس کے اینٹی وائلنٹ کرائم سیل اور سی پی ایل سی نے منگھوپیر کے لاڑو گوٹھ میں ایک مشترکہ کارروائی کی، مقابلے میں 3 اغوا کار ہلاک ہو گئے جب کہ 2 مغویوں کو بازیاب کر لیا گیا۔اے وی سی سی کے ایس ایس پی عبداللہ احمد نے بتایا کہ منگھوپیر میں مقابلے کے بعد تین اغوا کار مارے گئے ہیں، جن کا تعلق بین الصوبائی اغوا برائے تائوان گروہ سے تھا، ہلاک ملزمان کی شناخت علی گوہر، نوکاف اور شفیع اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران دو مغوی بھی بازیاب کرا لیے گئے، محسن مری اور ذوالفقار وسان کو سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سے 23 اپریل کو اغوا کیا گیا تھا، اور اغوا کاروں نے مغویوں کی رہائی کے لیے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ایس ایس پی عبداللہ احمد کے مطابق اغوا کے اس واقعے کا مقدمہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں درج ہے، ہلاک اغوا کاروں نے 2020 ء میں بھی عبدالجبار نامی شخص کو اغوا کر کے تاوان لیا تھا، جس کا مقدمہ سرجانی تھانے میں درج ہے، اس وقت ملزمان فرار ہوگئے تھے۔