یوم شہادت حضرت علیؓ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

17

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کراچی سمیت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا،کراچی میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیان ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔جلوس عزا میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔جلوس سے قبل نشتر پارک میں صبح سات بجے مجلس عزا منعقد ہوئی جس سے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے خطاب کرتے ہوئے شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ پرروشنی ڈالی اور فضائلِ حضرت علیؓ بیان کیے۔مجلس کے بعد یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس نشترپارک سے بوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں برآمد ہوا، جو اپنے روایتی راستوں، نمائش چورنگی، سی بریز پلازا، صدر، ریگل چوک، تبت سینٹر، ریڈیو پاکستان سے ہوتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیان ایرانیان پر اختتام پذیرہوگیا۔ عزاداروں نے کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے یوم علیؓ جلوس میں شرکت کی۔احتیاطی تدابیر کے تحت خواتین اور بچوں کومنگل کوبرآمد ہونے والے جلوس میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی جبکہ بغیر ماسک پہنے افراد کو بھی جلوس میں شرکت کی اجازت نہیں دی گئی۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔مرکزی جلوس کی سیکورٹی کے لیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی۔