تین تلوار، سال کی سب سے بڑی نقب زنی کی واردات

78

کراچی(اسٹاف رپورٹر)تین تلوار کے قریب سال کی سب سے بڑی نقب زنی کی واردات، ملزمان سنار کی دکان کا صفایا کرگئے۔ واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ابتدائی اعدادوشما ر کے مطابق ملزمان10کروڑ روپے مالیت کا سونا اور طلائی زیورات لے اڑے۔تفصیلات کے مطابق کلفٹن تھانے کی حدود تین تلوار کے قریب سنار کی دکان پر رات کو تالے کاٹ کرنقب زنی کی واردات ہوئی، واردات کو سال کی سب سے بڑی تالا توڑ کارروائی قرار دیاگیا۔واردات کا مقدمہ نمبر201/2021 دکان کے مالک آصف نامی شخص کی مدعیت میں درج کیاگیا۔ مدعی کے مطابق 3مئی کی شب افطار سے قبل دکان بند کرکے گئے تھے 4مئی کو صبح آئے تو دکان کے تالے کٹے ہوئے ملے ،نقصان کے لگائے گئے تخمینے کے مطابق ابتدائی طورپر12 کلو سونا اور طلائی زیورات ملزمان ساتھ لے گئے۔نقب زنی کی سال کی سب سے بڑی واردات کے بعد کلفٹن پولیس کی دوڑیں لگ گئیں،انسپکٹر پیر شبیر اور ہیڈ محرر شفقت پر افسران برس پڑے، کرائم سین یونٹ کی مدد سے پولیس نے ابتدائی تحقیقات شروع کردیں، مقدمہ درج کرکے معاملہ تفتیشی حکام کے سپرد کردیاگیا۔