جے یو آئی وفدکی پریس کلب آمد، عمرصادق کے ناروا سلوک پر معذرت

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علما اسلام کے وفد نے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلم غوری کی سربراہی میں کراچی پریس کلب کا دورہ کرکے جمعیت کے رہنما مولانا عمر صادق کی جانب سے صحافیوں اور پریس کلب کے ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک پر معذرت کرلی ،جس کے بعد جمعیت علما اسلام کے رہنماؤں پر کراچی پریس کلب میں داخلے پر عائد پابندی ہٹالی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق منگل کوجمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلم غوری کی سربراہی میں جمعیت علمائے اسلام کے وفدنے کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری محمد رضوان بھٹی اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات کی۔جے یوآئی کے وفدمیں صوبائی نائب امیرمولانا عبدالکریم عابد،مرکزی کونسل کے رکن مولانا ڈاکٹرنصیر الدین سواتی ،بزنس فورم سندھ کے صدر مولانا امین اللہ، ضلع غربی کے امیر مولانا عمر صادق ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات سمیع الحق سواتی، مولانا عطا الرحمن اور وحید خان سواتی شامل تھے۔جے یو آئی کے وفد نے گزشتہ دنوں جمعیت علما اسلام کے رہنما مولانا عمر صادق کی جانب سے کراچی پریس کلب کے اندر صحافیوں اور ملازمین کے ساتھ ناروا سلوک اختیار کیے جانے پر معذرت کی اور یقین دہانی کرائی کہ آئندہ اس طرح کا کوئی واقعہ پیش نہیں آئے گا۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے جمعیت علما اسلام کے رہنماؤں کی معذرت کو قبول کرلی۔