پی آئی بی میں ایک شخص کی بچی سے زیادتی،اہل علاقہ مشتعل

86

کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں انتہائی افسوسناک واقعہ رونما ہوا ہے، جہاں وحشی درندے نے بچی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بناڈالا ہے۔تفصیلات کے مطابق واقعہ پی آئی بی کے علاقے عیسیٰ نگری میں پیش آیا،جہاں ایک شخص نے بچی سے مبینہ زیادتی کی، بچی سے زیادتی کی خبر علاقے میں جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی، ملزم کی شناخت ہونے پر اہل علاقہ مشتعل ہوگئے اور عوام کی بڑی تعداد نے ملزم کے گھر پر دھاوا بولا اور مبینہ ملزم کے گھر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی، مشتعل افراد کی جانب سے ملزم کے گھر پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور عوام کو قابو کرنے کی کوشش کی، تاہم ناکامی پر پولیس کی مزید نفری کو طلب کرلیا گیا ہے، بچی سے زیادتی کے واقعے پر علاقے میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، مشتعل مظاہرین کا موقف ہے کہ ملزم کو ہمارے حوالے کیا جائے، مبینہ زیادتی کا شکار بچی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں طبی معائنے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران بچی سے مبینہ زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی ایسٹ نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔