منگھوپیر میں ہیلتھ سٹی کے قیام کا خواب ضرور پورا ہوگا،لئیق احمد

221

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ منگھوپیر میں 30 ایکڑ رقبے پر ہیلتھ سٹی کے قیام کا خواب ضرور پورا ہوگا، سول سوسائٹی، مختلف سماجی اور فلاحی اداروں کے تعاون و اشتراک سے ہیلتھ سٹی میں صحت کی مختلف قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، یہ بات انہوں نے سول سوسائٹی اور کے ایم سی کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ان افسران نے گزشتہ روز منگھوپیر میں واقع لیپروسی اسپتال اور اس سے ملحقہ اراضی کا تفصیلی دورہ کیا تھا،جنہوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے فیض قدوائی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد، ڈائریکٹر لینڈ طارق صدیقی، ڈائریکٹر سٹی وارڈنز راجا رستم، ڈائریکٹر اسٹیٹ امتیاز ابڑو اور دیگر افسران موجود تھے۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ منگھو پیر پر کے ایم سی کی 30 ایکڑ زمین موجود ہے جہاں پہلے سے جذام اسپتال کام کررہا ہے، یہ جگہ اب جذام کے علاج کے ساتھ ساتھ ہیلتھ سٹی کے طور پر بھی استعمال کی جائے گی اور مختلف اداروں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ یہاں مختلف طبی سہولیا ت کے مراکز قائم کریں جس میں بنیادی صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ڈائیگناسٹک لیبارٹری، ایکسرے، سٹی اسکین، بلڈ بینک، آپریشن تھیٹر سمیت مختلف نوعیت کی سہولیات موجود ہوں تاکہ ایک جگہ پر بیمار افراد کو تمام طبی سہولتیں میسر آسکیں۔