پیپلزپارٹی کا این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے فیصلے کا خیرمقدم

245

اسلام آباد (آن لائن)پیپلزپارٹی نے این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ اس حوالے سے پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کراچی کے ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد فوج کو مداخلت کی دعوت دینے کا مطالبہ افسوسناک تھا،اگر این اے 249 میں دھاندلی ہوئی ہے تو پولنگ کے عمل کے دوران الیکشن کمیشن کو شکایت کیوں نہیں کی گئی؟۔این اے 249 میں دھاندلی کے کسی ثبوت کے بغیر الیکشن کمیشن کا دوبارہ گنتی کا فیصلہ حیران کن ہے۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے ثبوتوں کے بغیر این اے 249 میں اگر دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے تو پھر ہر انتخاب میں اس مثال کو بنیاد بنایا جائے گا، پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی ڈھائی سال سے دوبارہ گنتی کے لیے درخواستیں زیرالتوا ہیں، امید ہے الیکشن کمیشن ان پر بھی غور کرے گا۔