مغربی دنیا کو نبی ﷺ کی بے حرمتی کا جواب دینا ہوگا،وزیراعظم

372

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مغربی دنیا کو نبی ﷺ کی بے حرمتی کاجواب دینا ہوگا، ناموس رسالت ہر مسلمان کے لیے سب سے بڑھ کر ہے، ہم کسی کے دبائو میں فیصلے نہیں کرتے، حکومت اپنے طور پر معاملات کو دیکھ رہی ہے۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد سے متعلق کابینہ ارکان نے تبادلہ خیال کیا۔ علی محمد خان نے کہا کہ یورپی پارلیمنٹ کی قرارداد کا سخت جواب دیا جانا چاہیے۔جس پر وزیراعظم نے انتباہ کرتے ہوئے کہا کہ وزرا اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے احتیاط کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مشیرتجارت رزاق داؤد نے عیدالفطر کی 6 چھٹیاں دینے پر اعتراض کیا، ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کی 3 چھٹیاں دینی چاہئیں، 6چھٹیاں ہونے سے ایکسپورٹرز کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔وزیراعظم نے عید کی چھٹیوں کے دوران ایکسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کردی۔ کابینہ کو کورونا کیسز کی صورتحال ایس او پیز پر عمل درآمد اور علاج معالجہ پر بریفنگ دی گئی ۔ کابینہ نے لاک ڈاون پر عملدرآمد کے لیے سول انتظامیہ کے ساتھ فوج کی تعیناتی کی منظوری دی۔کابینہ نے ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں ممبر پروڈکشن کے تقرر اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی 100 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکہ جاری کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں ملکی اقتصادی صورتحال کے بارے میں قومی پالیسی واضع کرنے کی منظوری دی گئی ۔ کابینہ اجلاس میں عید الفطر پر قیدیوں کی سزاؤں میں خصوصی کمی کی منظوری بھی دی گئی ۔کابینہ نے پاکستان ریلویز کے ساتھ پبلک پرائیویٹ اشتراک اورریلوے میں ریل کاپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کنسٹرکشن کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔اجلاس میں نیشنل بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ۔ کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تشکیل نو کی منظوری دی ۔ اجلاس میں سعودی پاکستان سپریم کونسل کی تشکیل کے لیے معاہدہ کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ماحولیات کے شعبہ میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون کے لیے ایم او یو کی منظوری دی گئی۔