کورونا کا زور ٹوٹنے لگا،مثبت کیسز میں کمی فوج کی تعیناتی سے بہتری آئی ہے،این سی او سی

305

اسلام آباد( نمائندہ جسارت) پاکستان میں کورونا سے مزید161اموات ہوئی ہے تاہم وائرس کا زور ٹوٹنے لگا اور مثبت کیسز میں کمی رپورٹ کی گئی۔ملک میں تقریباً ایک ماہ بعد ایک روز میں 4 ہزار سے کم کیسز سامنے آئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.9 فیصد رہی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 5018 مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 33062 ہو گئی ہے۔این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا کہ فوج کی تعیناتی سے ایس او پیز پرعملدرآمد میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ قومی سطح پر ایس او پیز کی تعمیل 25 اپریل کو 34 فیصد تھی اور 3 مئی کو 68 فیصد ہوگئی جب کہ عید تک ایس او پیز کی تعمیل کی سطح کو برقرار اور استوار رکھنے کی ضرورت ہے۔ان کہنا تھاکہ 3 مئی تک ایس او پیز پر سب سے زیادہ عملدرآمد 88 فیصد وفاق میں اور سب سے کم ایس او پیز پر عمل درآمد سندھ میں 45 فیصد رہا۔مزید برآں این سی او سی نے 8 سے 16 مئی تک کاروباری مراکز، دکانیں اور سیاحتی مقامات بند کرنے کے اعلان پر عمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر اور قومی کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل حمود ا لزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان نے بھی خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں عید تعطیلات 8 سے 16 مئی کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔این سی او سی میں کیے گئے فیصلے کے تحت کراچی میں ساحل سمندر پر بھی عوام کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے رہائشیوں کو واپس جانے کی اجازت ہوگی جب کہ پیٹرول پمپس،میڈیکل اسٹورز، گروسری اسٹورز، بیکری اور فوڈ آئٹمز کی دکانوں کواستثنا حاصل ہوگا۔وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر قائم ہونے والی مانیٹرنگ ٹیمیں مذکورہ تمام احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گی۔