حکومت کا جنسی جرائم سے متعلق خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ

166

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) ملک میں بچوں اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں اضافہ، حکومت نے جنسی جرائم سے متعلق مقدمات کیلیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں چھوٹے بچوں اور خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں غیر معمولی اضافے کے بعد حکومت نے اہم فیصلہ لیتے ہوئے جنسی جرائم سے متعلق خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ جنسی جرائم سے متعلق قائم کی جانے والی اِن عدالتوں کو خصوصی اختیارات حاصل ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق وزارت قانون نے جنسی جرائم سے متعلق مقدمات کیلیے خصوصی عدالتوں کے قیام کے سلسلے میں سمری وزیراعظم کو بھیج دی۔ترجمان وزارت قانون کے مطابق سیشنز اور ایڈیشنل سیشن ججز کی عدالتوں کو خصوصی اختیارات دیے جائیں گے ،خصوصی عدالتیں جنسی زیادتی کے مقدمات4ماہ میں نمٹائیں گی۔ترجمان نے بتایا کہ خصوصی عدالتوں کے قیام کی سمری صدر کو بھی ارسال کی جائیگی، اس سے پہلے اینٹی ریپ آرڈیننس سے متعلق 42 رکنی کمیٹی بنائی گئی کمیٹی کی سربراہی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹرملیکہ بخاری کررہی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ہرضلع میں اینٹی ریپ کرائسز سیلز کے قیام پر بھی کام جاری ہے، وزیرقانون نے خصوصی عدالتوں کے قیام پرتندہی سے کام کیاہے اور صدرکی منظوری کے بعدعدالتوں کو نوٹیفائی کردیاجائیگا۔