ایڈمرل کرامت رحمن نیازی فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

160

اسلا م آباد‘راولپنڈی(نمائندہ جسات )پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل کرامت رحمن نیازی کو اسلام آباد میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تدفین میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی، پاک بحریہ کے سابق سربراہان، مسلح افواج کے سینئرحاضراور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی۔صدرمملکت ، وزیر اعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سربراہ پاک بحریہ اور دیگر اداروں کی جانب سے ایڈمرل کرامت رحمن نیازی کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ ایڈمرل کرامت رحمن نیازی 1979ء سے 1983 ء تک پاک بحریہ کے سربراہ رہے۔1965ء کی جنگ میں دشمن کے لیے خوف کی علامت سمجھے جانے والی آبدوز غازی کی کمانڈ کی ،جس نے دشمن کے بحری بیڑے کو اس کی بندرگاہ تک مقید رکھا۔علاوہ ازیںآئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل (ر) کرامت رحمن نیازی کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیااوردعا کی کہ اللہ اہلخانہ کو صبرجمیل عطا فرمائے ۔