پی پی اور ن لیگ نے عوام کو سوائے مہنگائی، غربت اور کرپشن کے کچھ نہیں دیا

64

ٹنڈوجام (نمائندہ جسارت) تحریک انصاف کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے عوام کو سوائے مہنگائی، غربت اور کرپشن کے کچھ نہیں دیا موجود ہ حکومت سابقہ حکومتوں کی گندگی صاف کر رہی ہے یہ بات انھوں نے ٹنڈوجام تحریک انصاف کے رہنما لالا زاہد پٹھان کے انتقال پر ان کی رہائش گا ہ پر تعزیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا اس وقت حکومت کئی محاذ پر عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے سابقہ حکومتوں نے عوام کو سوائے غربت، مہنگائی اور کرپشن کے کچھ نہیں دیا، آج بھی سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کی وجہ سے سفر کر رہے ہیں اور عوام کو بنیادی سہولتیں حاصل نہیں، اسکول وڈیروں کی اوطاق بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹنڈوجام ایک بڑا حلقہ ہے، جہاں سے پیپلز پارٹی مسلسل منتخب ہورہی ہے لیکن اس کی سڑکیں ٹوٹی پھوٹی، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، اتنے بڑے حلقے میں علاج کی سہولت کے لیے تعلقہ اسپتال تک نہیں اور ٹنڈوجام کو تعلقہ درجہ تک نہیں دیا جارہا، جس سے پیپلز پارٹی کی کارکردگی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کرپٹ مافیا اور کرپشن پر کوئی سودے بازی قبول نہیں کریں گے۔ کرپشن مافیا سے پاکستان کو پاک کرکے قائد اعظمؒ والا پاکستان عوام کو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے عوام کو حکومت کی ہدایت پر بھرپور طریقے سے عمل کرنا چاہیے تاکہ ہمارے ملک میں بھارت والی صورتحال پیدا نہ ہو۔