بھارت میں کورونا بے قابو: آئی پی ایل ملتوی

266

ئی دہلی: بھارت میں کورونا کی بدترین صورتحال اور کئی کھلاڑیوں کے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ نے سب سے اہم ٹورنا منٹ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کو غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کورونا وباء نے آئی پی ایل کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جبکہ گزشتہ روز رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) اور کلکلتہ نائٹ رائیڈرز(کے کے آر) کے مابین ہونے والا میچ کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا، جس کے بعد  بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ کو فوری طور پر غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا ہے۔

انڈین پریمیئر لیگ کے مطابق جن کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں کلکتہ نائٹ رائیڈرز کے  ورن چکرورتی اور سندیپ واریرز  بھی شامل ہیں اور دونوں کھلاڑیوں کو اس وقت کورونا ہوا جب وہ انجری کے باعث میڈیکل چیک اپ کے لیےاسپیشل  سیکیورٹی سے باہر گئے تھے۔

دوسری جانب  چنائی سپر کنگز کے بولنگ کوچ لکشمی پتی بالاجی اور ٹیم کے سپورٹ اسٹاف کے رکن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ ان کے کیسز کے بعد چنائی سپر کنگز کی پوری ٹیم کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

بھارت میں آئی پی ایل کھیلنے والے کئی کھلاڑی اب تک کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور متعدد غیر ملکی کھلاڑی بھی لیگ سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں۔

خیال رہے کورونا نے جہاں دنیا کے دیگر شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کر رکھا ہے وہیں دنیا کی بیشتر کرکٹ لیگز بھی متاثر ہوئی ہیں جبکہ پاکستان سُپر لیگ (پی ایس ایل) کو بھی کورونا کے باعث ملتوی کردیا گیا تھا۔