مدارس اسلام کے قلعے، نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، حسین محنتی

95
کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی سندھ بھر کے مہتممین مدارس و علمائے کرام سے خطاب کررہے ہیں

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ،علم وہدایت کے سرچشمے اورنظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں،آج دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بناکر اتحاد ویکجہتی اورایک امت کے تصور کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔حکومت نظریہ پاکستان کے محافظ دینی مدارس اور ان کے مدیران کو پریشان کرنے کے بجائے سرپرستی کرے،اصلاح معاشرہ اورقرآن وسنت کے مطابق بچوں کی بہترینتعلیم وتربیت کے حوالے سے دینی مدارس وعلما کرام کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدیران مدارس وعلما کرام کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔صوبائی نائب امیرعبدالغفارعمر،امیرحلقہ کراچی حافظ نعیم الرحمن،جمعیت اتحادالعلما سندھ کے صدرحافظ نصراللہ چنا،ناظم اعلیٰ مولانا حزب اللہ جکھرو،مولانا آفتاب احمد ودیگر ذمے داران سمیت سندھ بھر سے آئے ہوئے مدیران مدارس،سفرا اورعلما شریک تھے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ اقامت دین کا کام بہت بڑا کام ہے جو لوگ اللہ کے راستے میں اپنامال وقت اورصلاحیت خرچ کرتے ہیں پھر اللہ بھی اپنے نیک بندوں کے لیے ہرحوالے سے کامیابی وکامرانی کے راستے کھول دیتاہے۔