سری لنکا نے بنگلا دیش کو 209رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی

195
کینڈی: دیمتھ کرونا رتنے پراوین جے جنہوں نے بنگلا دیش کے 11کھلاڑیوں کو آئو ٹ کرکے مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا، ساتھیوں سے داد لیتے ہوئے

کینڈی (جسارت نیوز)سری لنکا نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش کو 209 رنز سے ہرا کر سیریز 1-0 سے جیت لی۔ بنگلادیشی ٹیم 437 رنز کے تعاقب میں 227 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی۔ ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے پراوین جائے وکرما نے 5 کھلاڑی میدان بدر کئے۔ انہیں میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں لینے پر مرد میدان قرار دیا گیا۔ کپتان دیمتھ کرونا رتنے سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پیر کو پالے کیلی اسٹیڈیم، کینڈی میں ٹیسٹ کے 5ویں اور آخری روز مہمان ٹیم بنگلا دیش نے 437 رنز کے تعاقب میں 177 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو پوری ٹیم 227 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی اور اسے 209 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مہدی حسن میراز 39 رنز کے ساتھ ٹاپ ا سکورر رہے۔ پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سری لنکن نوجوان ا سپنر پراوین جائے وکرما نے تباہ کن بولنگ کی اور 86 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پہلی اننگز میں انہوں نے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ رمیش مینڈس نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ یوں2 میچوں کی سیریز1-0 سے سری لنکا کے نام رہی۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ ڈرا ہو گیا تھا۔ جائے وکرما کو میچ اور دیمتھ کرونا رتنے کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔