جہانگیر ترین گروپ کا عید کے بعد لائحہ عمل طے کرنے کا اعلان

146

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے قومی اور پنجاب اسمبلی کے 25 ارکان نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور انہیں اپنی مکمل حمایت کا ایک مرتبہ پھر یقین دلایا۔ بعد ازاں پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض کی زیر صدارت عمران خان سے باغی ارکان قومی اسمبلی کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔ جس میں جہانگیر ترین کی وزیراعظم عمران خان سے حالیہ ملاقات کے حوالے سے مختلف پہلوئوں پر غور کیا گیا اجلاس نے اس ملاقات کو نتائج کے حوالے سے عیدالفطر تک دیکھنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد نتائج کو سامنے رکھتے ہوئے جہانگیر ترین کے حمایت یافتہ اراکین اسمبلی اپنا آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کریں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے میرے دوستوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ خود ان معاملات کو دیکھیں گے، میرا کیس کریمنل نہیں، اس میں ایف آئی اے کا کوئی کردار نہیں ہے ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ تفتیش سے نہیں ڈر تے ، انصاف چاہتے ہیں، میں مقدمات سے نہیں بھاگ رہا بلکہ عدالتوں کا سامنا کررہا ہوں، ایک سال سے تفتیش ہورہی ہے، ہم نے ہزاروں نہیں لاکھوں دستاویزات دیے ہیں۔ہم نے کبھی نہیں کہا کہ کیس ختم کردو، ہم چاہتے ہیں کہ پوری طرح تفتیش ہو تاکہ عوام بھی دیکھیں ہم ٹھیک سرخرو ہوئے ہیں۔ جہانگیر ترین نے کہا کہ میرا کیس کریمنل نہیں، اس میں ایف آئی اے کا کوئی کردار نہیں ہے کیونکہ یہ کاروباری معاملہ ہے جو ایس ای سی پی سی سے متعلق ہے، اس میں قومی خزانے کا کوئی استعمال نہیں ہوا، سب کو معلوم ہے جو کیسز ہیں اس کی بنیاد کچھ اور ہے۔