بنگلہ دیش : کشتیوں کے درمیان تصادم ، 26 افراد جاں بحق

398
بنگلادیش: حادثے کا شکار ہونے والی کشتی تباہ ہوگئی ہے‘ فوجی اہل کار لاشیں نکال رہے ہیں

ڈھاکا (انٹرنیشنل ڈیسک) بنگلا دیش کے دریائے پدما میں دو کشتیوں کے درمیان تصادم تصادم کے نتیجے میں 26 افراد جاں بحق ہوگئے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بنگلادیش میں شب چار شہر کے قریب دریائے پدما میں یہ الم ناک حادثہ پیش آیا۔ پولیس کے مطابق دریائے پدما میں گنجایش سے زیادہ مسافروں والی کشتی ریت سے بھری کشتی سے ٹکرا گئی۔ ایک اعلی سرکاری عہدے دار نے میڈیا کو بتایا کہ کشتی پر اتنی زیادہ تعداد میں لوگ سوار تھے اور یہ کورونا وائرس کے سبب نافذ کیے گئے ملک گیر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر امدادی کارکنان جائے حادثے پر پہنچے، جنہوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد کو بچالیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق حادثے کے باعث کئی افراد لاپتا ہیں جن کی تلاش کے لیے فائر سروس کے اہل کاروں اور مقامی افراد اپنی امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ لاپتا افراد کی تعداد 4بتائی جارہی ہے۔ پولیس اہل کار معراج حسین نے بتایا کہ اب تک 26 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں اور امدادی کام اب بھی جاری ہے، جب کہ بچنے والے 5 افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کردیا جائے گا۔ تاحال اس بات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے کہ ڈوب جانے والے مسافروں کی منزل کیا تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کے پہلے ہفتے میں بھی دو کشتیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ بنگلادیش میں بحری حادثات عام ہیں، جس کی بڑی وجہ مسافر کشتیوں کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونا ہے۔ اس کے علاوہ بحری سفر کے دوران حفاظتی معیارات کا خیال نہیں رکھا جاتا اور کشتیاں اکثر گنجایش سے زیادہ بھری ہوئی ہوتی ہیں اور اسی وجہ سے اس طرح کے حادثات ہوتے ہیں۔