میانمر میں باغیوں نے فوجی ہیلی کاپٹر مار گرایا

355
ینگون: مظاہرین جمہوری حکومت پر شب خون مارنے والے آمر کا پتلا نذرِآتش کررہے ہیں

نیپیداؤ (انٹرنیشنل ڈیسک) میانمر میں باغی تنظیم کاچن انڈی پینڈنس آرمی نے فوجی ہیلی کاپٹر مارگرایا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق میانمر کی باغی تنظیم نے صوبے کاچن کے گاؤں موئموک میں ایک ملٹری ہیلی کاپٹر مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔ باغی تنظیم کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ اس کے جنگجوؤں نے ہیلی کاپٹر کو گاؤں پر بمباری کرکے واپس جاتے ہوئے نشانہ بنایا۔ بیان میں کہا گیا کہ میانمر کی فوج کے لڑاکا طیاروں نے گاؤں پر بمباری کی تھی،جس کے بعد ہیلی کاپٹر سے لوگوں پر گولیاں برسائی جارہی تھیں۔ جنگجوؤں نے تاک کر راکٹ داغا،جس کے نتیجے میں وہ زمین پر آگرا۔ مقامی میڈیا نے بھی کاچن میں ملٹری ہیلی کاپٹر کے حملے میں تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کھیتوں میں ایک تباہ حال ہیلی کاپٹر سے دھواں اٹھتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ تاہم سرکاری سطح پر واقعے کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ میانمر میں فوج نے یکم فروری سے آنگ سان سوچی کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا۔ خبررساں اداروں کے مطابق میانمار میں باغی فوج اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 765 ہوگئی ہے۔