امریکی وفد کی سعودی وزیر خارجہ سے ملاقات

278

ریاض: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبد اللہ سے دارالحکومت الریاض میں وزارت خارجہ کے صدر دفتر میں امریکی محکمہ خارجہ کے مشیر ڈیرک چولیٹ اور ان کے ہمراہ وفد نے ملاقات کی اور دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات بالخصوص علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق  سعودی عرب کے وزیر خارجہ سے  امریکی محکمہ خارجہ کے مشیر اور ان کے ہمراہ وفد نے ملاقات کی جبکہ ملاقات میں قائم مقام اسسٹنٹ سکریٹری برائے مشرق قریب گوی ہوڈ اور نائب اسسٹنٹ سکریٹری دفاع برائے دفاع مشرق وسطی ڈانا ٹہل بھی موجود تھے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اور امریکی وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دونوں ملکوں کے مشترکہ مفادات بالخصوص علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں دوست ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی بات چیت کی گئی۔

واضح رہے ملاقات میں امریکا میں تعینات خادم الحرمین الشریفین کی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان، سیاسی واقتصادی امور کے انڈر سیکرٹری، عید بن محمد الثقفی اور ڈائریکٹر پالیسی پلاننگ ڈاکٹر راید قرملی بھی موجود تھے۔