‘مساجد میں اجتماعی عبادت کو مختصر رکھیں’

270

سعودی عرب کے وزیر برائے مذہبی امور الشیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ ماہ صیام کے باقی ایام میں وباء کے پیش نظر عبادت کے اوقات کو محدود کرنے کا کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مملکت کی مساجد میں تراویح کے بعد قیام اللیل کی نماز 30 منٹ سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ وبا کی وجہ سے شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ماہ صیام کے بقیہ دنوں میں مساجد میں اجتماعی عبادت کو مختصر رکھیں تاکہ وبا کو پھیلنے سے روکا جا سکے جبکہ سعودی عرب کی وزارت صحت نے کورونا وبا کے حوالے سے آنے والے دن زیادہ اہم اور خطرناک قرار دیتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ وبا کی روک تھام کے لیے حکومت کے وضع کردہ ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کریں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ عیدالفطر کے ایام افسوس کے دنوں میں نہیں بدلنے چاہئیں، اس کے لیے ضروری ہے کہ شہری کورونا ایس او پیز پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔

سعودی عرب کی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم اس وقت کو کنٹرول کرنے کے لیے تمام تر کوششیں بروئے کار لاتے ہوئے وبا کو کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور آنے والے دن بالخصوص عید کے ایام زیادہ حساس اور اہم ہیں۔