کویڈ19،قومی کھلاڑیوں کی ویکسینیشن کا پہلامرحلہ مکمل

311

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومت پاکستان کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر کے اشتراک سے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی کوویڈ 19 ویکسینیشن کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔اس دوران تینوں طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی ویکسینیشن کی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈکو فخر ہے کہ وہ دنیا کاپہلا کرکٹ بورڈ ہے کہ جس نے کورونا وائرس کی عالمی وباء کے دوران اپنے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک مربوط ویکسینیشن پروگرام شروع کررکھا ہے۔پہلے مرحلے میں 57 مینز کرکٹرز اور قومی کرکٹ ٹیم کے اسپورٹ اسٹاف میں شامل 13 ارکان سمیت نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے 13 مینزکوچز کی ویکسینیشن مکمل کی گئی۔ اس دوران متعدد فرنچائز کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف کے علاوہ پی ایس ایل 2021کے میچز میں شرکت کرنے والے پی سی بی کے میچ آفیشلز (تین میچ ریفریز اور تین امپائرز ) کی بھی ویکسینیشن کی گئی ہے۔4 مارچ کو کراچی سے شروع ہونے والا ویکسینیشن کا یہ عمل تقریباً 2 ماہ بعد 6 مئی کو ہرارے میں موجود قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کچھ کھلاڑیوں کو ملنے والی دوسری ڈوز کے ساتھ مکمل ہوا۔اگلے مرحلے میں اب باقی ماندہ ڈومیسٹک کرکٹرز ، ، ایج گروپ کرکٹرز اور ان کے سپورٹ اسٹاف کو ویکسینیشن لگائی جائے گی۔ ویکسینیشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز جلد کردیا جائے گا۔