فردوس عاشق کی خاتون اسسٹنٹ کمشنر سے بدتمیزی

70
 سیالکوٹ: وزیراعلیٰ کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان میڈیا سے گفتگو کررہی ہیں

سیالکوٹ (آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سیالکوٹ سونیا صدف کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ پلائی اور بدتمیزی کی ۔فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں بازار کا دورہ کیا اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران معاون خصوصی نے اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ کو بازار میں سب کے سامنے ڈانٹ دیا اور کہا کہ افسر شاہی کی کارستانیاں حکومت بھگت رہی ہے، آپ اے سی ہیں تو عوام کا سامنا کریں چھپ کیوں رہی ہیں؟۔فردوس عاشق کا کہنا تھاکہ ہر شہر کے رمضان بازار کا دورہ کیا مگر سب سے برا حال سیالکوٹ کا ہے، آپ کی حرکتیں ہی اسسٹنٹ کمشنر والی نہیں۔ڈانٹ ڈپٹ کے دوران اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف غصے سے پنڈال سے باہر نکل گئیں۔واقعے کی وڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔