انسانیت کو رجوع الی اللہ کی ضرورت ہے،رانا شعیب اعظم سلیمی

72

 

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی )اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویژنل ناظم انجینئر رانا شعیب اعظم سلیمی نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام مختلف مقامات پرافطار پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انسانیت کو رجوع الی اللہ کی ضرورت ہے۔کورونا وبائی مرض ہے اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ ایسی موذی مرض سے نجات کے لیے انفرادی واجتماعی سطح پر توبہ و استغفار کے ساتھ ساتھ ذکرو اذکارکی کثرت اور نوافل وصدقات بڑھانے چاہئیں اور اللہ پاک کے حضور سربسجود ہوکر اپنے اگلے پچھلے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ اللہ کی قدرت نے ہمیں متوجہ کرایاہے کہ ہم قرآنی والہامی تعلیمات کی طرف لوٹ آئیں اور انسانوں کے بنائے ہوئے قوانین کو مسترد کردیں موجودہ وائرس سے پوری دنیا کو سبق اور نصیحت حاصل کرنی چاہیے اور اللہ پاک سے سب کچھ ہونے اور اللہ کے سواکچھ نہ ہونے کا یقین کامل ہو جانا چاہیے۔اسی میں خیروبرکت اور کامیابی ہے ورنہ سب کچھ تباہی وگمراہی ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کا دین دشمنی میں کوئی ثانی نہیں ہے پہلے فیٹف کے ذریعے مساجد اور دینی مدارس کو یہودو نصاریٰ کے قبضہ میں دینے کی ناپاک حرکت اور اب تعلیمی نصاب سے مذہبی مواد ہٹانے کے در پے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہر مسلمان کو کان اور آنکھیں ہر وقت کھلی رکھنا ہو نگی کسی بھی وقت دین دشمن لابی کوئی بھی حرکت کر سکتی ہے۔