ای او بی آئی پنشن میں اضافہ کیا جائے‘اظفرشمیم

257

EOBI
پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین اظفر شمیم نے وزیراعظم کو خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ملک میںکرونا کی انتہائی سنگین صورتحال سے ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز بھی پریشان ہیں۔ ملک میں کووڈ19 کی تیسری اور سب سے خطرناک لہر کا دور دورہ ہے جس سے پورے ملک کے عوام بالخصوص سینئر سٹیزنز کوخوف و خدشات لاحق ہیں،اس کا واحد سبب ان کی معاشی تنگ دستی ہے، بڑھاپے میں جب بیماریاں گھیر لیتی ہیں مسائل بڑھ جاتے ہیں، ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرز کی ماہانہ گزر بسرکاواحد سہارا ای او بی آئی کی پنشن ہے ۔
یہ پنشن 8500روپے ہے اور وہ بھی آپ کے منظور کردہ دو مرتبہ کے اضافوں کے بعد ہوئی ہے ورنہ ہمیں 5,500روپے ہر ماہ ملا کرتے تھے ۔جناب وزیراعظم صاحب بلا شبہ معیشت کا برا حال ہے اور لوگوں میں خوف وہراس پھیلا ہے اس نازک صورت حال میں وفاقی حکومت کی غریب اور کم آمدن والے محنت کشوں کو احساس کفالت پروگرام کے ذریعے مالی معاونت خوش آئند اور قابل ستائش اقدام ہے اس طرح لاکھوں نہیں کروڑوں غریبوں کی دعائیں آپ کو مل رہی ہیں۔ اس مرحلہ پر یہ یاد دلانا ضروری ہے کہ ای او بی ای کے پانچ لاکھ پنشنرز کو بھی مالی مشکلات درپیش ہیں وہ بھی بیماری کے مقابلے میں خود کو ناتواں پاتے ہیں،آپ کے معاون خصوصی زلفی بخاری صاحب نے پنشن میں مزید اضافہ اور صحت سہولتوں کی فراہمی کا اعلان کیا تھا اب اس اعلان پر عمل در آمد کی اشد ضرورت ہے کیونکہ وقت کے ساتھ مہنگائی آسمان کو چھونے لگی ہے اور کرونا کی موجودہ وبا نے تو زندگی کو مزیدمشکل بنا دیا ہے۔ 8,500روپے میں تو ضعیفی کی حالت میں کسی معمولی بیماری کا علاج بھی ممکن نہیں کجا اس کے کہ پورے ماہ گزارہ کیا جاسکے۔
جناب وزیراعظم صاحب! آپ ریاست مدینہ کی طرز پرپاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے خواہاں ہیں یہ نیہات ہی حوصلہ افزا اور قابل رشک بات ہے آپ سے بہتر کون جان سکتا ہے کہ ریاست مدینہ میں غریبوں مسکینوں اور کم آمدن والے طبقات کا خاص خیال رکھا جاتا تھا اصحاب صفہ کے وظائف مقرر تھے ،ہم بھی آپ سے یہی گزارش کرتے ہیں کہ ای او بی ای میں غریب مزدوروں کی محنت کی کمائی /تنخواہوں سے کٹوتی شدہ فنڈز موجود ہیں اور ان پر صرف اور صرف ان ہی کا حق ہے۔ آج یہ ریٹائرڈ ضعیف العمرکسمپرسی کا شکار ہیں اور آپ کی سمت دیکھ رہے ہیں انہیں قوی امید بلکہ یقین ہے کہ آپ ان کی دادرسی کریں گے۔
ای او بی ای پنشنرز ویلفیر ایسو سی ایشن (ایپوا) تمام پنشنرز کی نمائندہ رجسٹرڈ تنظیم ہونے کے ناطے آپ سے استدعا کرتی ہے کہ ای او بی ای پنشنرز کی پنشن کو کم از کم تنخواہ کے مساوی کیا جائے اور جب تک قانونی کارروائی مکمل ہو ایڈہاک ریلیف/عبوری امداد کا اعلان کیا جائے نیزصحت کارڈ اور سہولت کا رڈ کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور جس طرح ماضی میں موقع بہ موقع سرکاری ملازمین کے لیے مراعات کا اعلان کا جاتا رہا ہے عیدالفطر پر ای او بی ای پنشنرز کے لیے ایک اضافی پنشن کی منظوری دی جائے یقین کیجئے ای او بی ای کے پانچ لاکھ پنشنرز آپ کے دست و بازو بن جائیں گے دعائیں دیں گے۔