حسن علی کی تباہ کن بولنگ ، پاکستان کو اننگز اور 116 رنز سے فتح

278
ہرارے: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی مین آف دی میچ کا ایوارڈ اٹھائے پوز دیتے ہوئے، دوسری تصویر میں آخری وکٹ لینے کے بعد ساتھی کھلاڑیوں سے داد وصول کررہے ہیں

ہرارے (جسارت نیوز) ہرارے میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم نے 426 رنز بنائے او250رنز کی برتری حاصل کی جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم صرف 134 رنز ہی بناسکی اور یوں ایک اننگز اور 116 رنز سے جیت پاکستان کے حصے میں آئی۔دوسری اننگز میں زمبابوے کی جانب سے تریسائی مساکنڈا 43، کیون کاسوزا 28، کپتان برنڈن ٹیلر 29 اور وکٹ کیپر بلے باز ریجس چاکبوا 14 رنز بناکر نمایاں رہے جب کہ زمبابوے کی دیگر کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ نعمان علی نے 2، فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز زمبابوے کے بلے باز پاکستانی بولرز کے آگے بے بس دکھائی دیے اور پوری ٹیم 176 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے 4،4 جب کہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن قومی ٹیم کھیل پر حاوی رہی، اوپننگ بلے باز عابد علی 60، عمران بٹ نے 91 اور اظہر علی نے 36 رنز بنائے جب کہ فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام پر 6 وکٹ کے نقصان پر 374 رنز بنائے اور مہمان ٹیم پر 198 رنز کی برتری حاصل کرلی۔تیسرے دن کھیل شروع ہوا تو قومی ٹیم نے اسکور میں 52 رنز کا اضافہ کیا اور تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، فواد عالم نے 140 رنز کی اننگز کھیلی جس کے باعث قومی ٹیم پہلی اننگز میں زمبابوے کے خلاف 250 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔