پہلا ٹیسٹ ،پاکستان کے ہاتھوں زمبابوے کو اننگز اور 160 رنز سے شکست

270
ہرارے: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی آخری وکٹ لینے کے بعد کھلاڑیوں سے داد وصول کررہے ہیں، چھوٹی تصویر میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ لیتے ہوئے

ہرارے (جسارت نیوز) پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں تیسرے دن زمبابوے کو اننگزاور 160رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی ہے‘فواد عالم نے ایک اور ریکارڈ بنا لیا‘ بغیر نصف سنچری کے 4سنچری بنانے والے کھلاڑی بن گئے ‘ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 7مئی سے ہرارے میں ہی کھیلاجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ہرارے میں کھیلے جا نے والے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کی پہلی اننگز 176رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے 426 رنز بنائے اور 250رنز کی برتری حاصل کی جس کے جواب میں زمبابوے کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 134 رنز ہی بناسکی ‘یوں ایک اننگز اور 116 رنز سے جیت پاکستان کے حصے میں آئی۔ دوسری اننگز میں زمبابوے کی جانب سے تریسائی مساکنڈا 43، کیون کاسوزا 28، کپتان برنڈن ٹیلر 29 اور وکٹ کیپر بلے باز ریجس چاکبوا 14 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ زمبابوے کے دیگر کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کرسکے۔پاکستان کی جانب سے حسن علی نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بولنگ کرکے 5 وکٹیں حاصل کی جبکہ نعمان علی نے 2، فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل ٹیسٹ کے پہلے روز زمبابوے کے بلے باز پاکستانی بولرز کے آگے بے بس دکھائی دیے اور پوری ٹیم 176 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے 4،4 جبکہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن قومی ٹیم کھیل پر حاوی رہی، اوپنر عابد علی 60، عمران بٹ نے 91 اور اظہر علی نے 36 رنز بنائے جب کہ فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت قومی ٹیم نے دوسرے دن کے اختتام پر 6 وکٹ کے نقصان پر 374 رنز بنائے اور مہمان ٹیم پر 198 رنز کی برتری حاصل کرلی۔تیسرے دن کھیل شروع ہوا تو قومی ٹیم نے اسکور میں 52 رنز کا اضافہ کیا اور تمام کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، فواد عالم نے 140 رنز کی اننگز کھیلی جس کے باعث قومی ٹیم پہلی اننگز میں زمبابوے کے خلاف 250 رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔حسن علی کو مین آف دی میچ دیا گیا۔