دہلی اور ممبئی میں کورونا بحران شدید ، ویکسین ختم مراکز بند

340
نئی دہلی: امریکی فوجی طیارے سے طبی سازوسامان اتارا جارہا ہے

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے بڑے شہروں میں کورونا بحران شدید ہوگیا۔ دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے جمعہکے روز شروع ہونے والی 18سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ویکسی نیش مہم کے سلسلہ میں کہا ہے کہ ابھی حکومت کے پاس ویکسین دستیاب نہیں ہے، اس لیے لوگ ویکسی نیشن مراکز پر قطاریں نہ لگائیں۔ ویکسین آتے ہی ہم تمام کو معلومات دیں گے۔ مراکز پر بھیڑ لگنے سے سماجی فاصلہ نہیں رہے گا اور امن وامان میں خلل پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب ممبئی میں ویکسین کا اسٹاک ختم ہوجانے کے باعث تمام ویکسی نیشن سینٹرز کو 3 روز کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں جمعہکے روز کورونا کے نئے کیسوں کی تعداد 3 لاکھ 86 ہزار اور 452 رہی، جب کہ 3 ہزار 498 افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہوکر ہلاک ہوگئے، جب کہ اس ہولناک صورت حال میں ممبئی کے تمام ویکسی نیشن سینٹرز کو 3 روز کے لیے بند کردیا گیا۔ اس دوران کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کورنا وائرس کے حوالے سے مودی حکومت کی پالیسیوں پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔بھارتی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے حکومتی پالیسیوں پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت کسی بھی حکومت کی سب سے پہلی ترجیح لوگوں کی جان بچانا ہونی چاہیے۔ ایک معروف انگریزی اخبار کے ساتھ انٹرویو میں سونیا گاندھی نے مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تو بہت پہلے ہی کورونا بحران پر قابو پانے کا دعویٰ کر دیا تھا۔ مرکزی حکومت نے وقت سے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ اس نے کورونا وائرس پر جیت حاصل کر لی ہے، جب کہ پارلیمان کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے اس حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں اس کے لیے مزید تیاری کرنے کی سفارش کی تھی۔ تاہم حکومت نے اسے بھی نظر انداز کر دیا۔