ہرارے ٹیسٹ ، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کی تباہ کن بولنگ ، زمبابوے 176 رنز پر ڈھیر

268
ہرارے‘ پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کے خلاف4کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنے کے بعدحسن علی کاپرجوش انداز

ہرارے(جسارت نیوز )فاسٹ بولرز حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ کی بدولت پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 176 رنز پر آئوٹ کردیا، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4,4 وکٹیں حاصل کیں، پاکستان نے پہلے دن کے اختتام پر پہلی اننگز میں103رنز بنالیے اور اس کا کوئی کھلاڑی آئوٹ نہیں ہے ۔ جمعرات کو ہرارے ا سپورٹس کلب میں کھیلے جارہے2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے افتتاحی روز میزبان زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ان کا یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور قومی ٹیم کے فاسٹ بولرز کی نپی تلی بولنگ کے سامنے زمبابوے کی ٹیم بے بس نظر آئی اور صرف 176 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم کے بولرز زمبابوے کے بلے بازوں پر حاوی رہے۔ زمبابوے کی پہلی اننگز کی پہلی گیند پر فاسٹ بولر حسن علی نے اوپنر کیون کو آئوٹ کردیا اس کے بعد دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لئے آنے والے پرنس بھی صرف 11 رنز ہی بنا سکے اور شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عمران بٹ کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔ مساکانڈا 15 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان برینڈن ٹیلر صرف 5 رنز بنا سکے۔ زمبابوے کے کھلاڑی ملٹن شومبا 27 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے۔ زمبابوے کے بیٹسمین روئے کائیا48 اور رجیس 19 رنز بنا کرپولین لوٹ گئے۔دیگر بلے بازوں میں ٹریپانو 28 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے4,4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 15.1 اوورز میں 43 رنز کے عوض4 جبکہ حسن علی نے 15 اوورز میں 53 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ اسپنر نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی ، قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے اسپنر ساجد خان نے رن آؤٹ کیا۔زمبابوے کے پہلی اننگز کے 176 رنز کے جواب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے اور اس نے اب تک بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنالیے ہیں، عابد علی 56 اور عمران بٹ 43 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ پاکستان کو پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 73 رنز درکار ہیں، اور اس کی 10 وکٹیں باقی ہیں۔