چینی خلائی اسٹیشن کا مرکزی حصہ مدار میں پہنچا دیا گیا

241
چین: لانگ مارچ نامی راکٹ تیان ہے ماڈیول کو لے کر خلا میں روانہ ہو رہا ہے

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چینی خلائی اسٹیشن تیانگونگ 3 کا اہم ترین اور مرکزی حصہ (کور ماڈیول) آج رات کامیابی سے اپنے مدار میں پہنچا دیا گیا۔ جمعرات کے روز چین کی وین چھانگ اسپیس لانچ سائٹ سے چینی خلائی اسٹیشن کا مرکزی ماڈیول کامیابی سے لانچ کیا گیا، جسے چین کی جانب سے خلائی مشن کے نئے دور میں کامیابی کا اعلان قرار دیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ اب تک زمین کے گرد مدار میں کئی چھوٹی موٹی تجربہ گاہیں بھیجی جاچکی ہیں، لیکن صحیح معنوں بڑے خلائی اسٹیشنوں کی تعداد صرف 2 رہی ہے، سابق سوویت یونین کا میر اور امریکی قیادت میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن ’’آئی ایس ایس‘‘۔ اس طرح چین وہ تیسرا ملک ہوگا جو تن تنہا ایک بڑا خلائی اسٹیشن زمین کے گرد مدار میں پہنچائے گا۔ چینی خلائی اسٹیشن کے مرکزی ماڈیول کا نام تیان ہے رکھا گیا ہے، جس کی مجموعی لمبائی 16.6 میٹر، قطر 4.2 میٹر اور ٹیک آف کے وقت وزن 22.5 ٹن ہے۔یہ مستقبل میں خلائی اسٹیشن کے انتظام اور کنٹرول کا مرکزی حصہ ہے، جس میں 3 خلانورد سائنسی تحقیق کے لیے طویل عرصے تک قیام کرسکیں گے۔ تیان ہے کے خلا میں پہنچ جانے کے بعد خلائی اسٹیشن کے لیے نئی ٹیکنالوجیوں، مثلاً روبوٹ بازو کی جانچ پڑتال اور توثیق کی جائے گی۔اگر سب کچھ طے شدہ منصوبے کے مطابق ہوا تو آیندہ ماہ چینی خلانورد اس ماڈیول تک بھیجے جائیں گے، جو اس کے باہر کئی طرح کی اہم سرگرمیاں انجام دیں گے۔چینی خلائی اسٹیشن کے تعمیراتی منصوبے کے مطابق 2021ء سے 2022ء کے دوران 11 خلائی پروازوں کے ذریعے تیانگونگ 3 کے دیگر ماڈیول، ضروری ساز و سامان اور عملہ بھیجا جائے گا۔