جماعت اسلامی کا جمعہ کو کراچی تاءکشمور یوم بدرمنانے کا اعلان

297

کراچی: جماعت اسلامی کے تحت جمعہ30اپریل کو 17رمضان المبارک حق وباطل کے درمیان پہلا معرکہ”یومِ بدر“ کراچی تا کشمور سندھ بھر میں بھرپورجوش وجذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔

 صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق اس حوالے سے سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں اجتماعات منعقد ہونگے جن سے جماعت اسلامی کے رہنماءاسلام وکفر کے درمیان پہلے معرکہ پر اظہار خیال کریں گے جبکہ علماءکرام اپنے جمعہ کے خطاب میں بھی بدر کے مقام پر ایمان وجذبہ کے ساتھ سرشار مجاہدین نے کس طرح اپنے سے زیادہ لشکر کو شکست دی اظہار خیال کریں گے۔

صوبائی امیر محمد حسین محنتی ٹھٹہ،نائب امراءپروفیسر نظام الدین میمن جیکب آباد،ممتاز حسین سہتو میرپورخاص،حافظ نصراللہ عزیز کراچی، نواب مجاہد بلوچ لاڑکانہ ،مولانا عبدالقدوس احمدانی شہداد کوٹ میں منعقدہ یومِ بدر کے اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی محمد حسین محنتی نے یومِ بدر کے موقع پر اپنے جاری کردہ پیغام میں کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں جگہ جگہ مسلمان مظلوم و مقہور ہیں ،کشمیر ،فلسطین ،اراکان ، ہر جگہ مسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا اور ان کاناحق خون بہایا جارہا ہے۔

کشمیر اور فلسطین میں ہندوﺅں اور یہودیوں نے مسلمان علاقوں پرزبردستی قبضہ کرکے مسلمانوں کو یرغمال بنارکھا ہے ۔ اسلام دشمن طاقتیں مظلوم مسلمانوں کی بجائے جارحیت اور ظلم و جبر کرنے والوں کا ساتھ دے رہی ہیں۔