بھارت : مساجد اسپتالوں میں تبدیل ، ورثا لاشیں چھوڑ کر فرار

304

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں کورونا وبا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث مسلمانوں نے مساجد کواسپتالوں میں تبدیل کردیا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف ہندو انتہا پسندی اور مظالم کے باجود بھارتی مسلمان بھی بھارت میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث انسانیت کا جذبہ لیے آگے آگے ہیں۔ مغربی ریاست گجرات میں ایک مسجد کو50 بستروں کے اسپتال میں تبدیل کیا گیا ہے۔ مساجد میں مسلمانوں کی جانب سے تشویشناک مریضوں کو آکسیجن فراہم کی جا رہی ہے اوران کے لیے بستروں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ مسجد کے منتظم کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال بہترنہیں اورلوگوں کو علاج کے لیے اسپتال میں بستر نہیں مل رہے تو ہم نے متاثرین کے لیے مسجد کوہی اسپتال میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی صورتحال کے پیش نظرکئی دنوں میں ہی مسجد میں تمام بیڈزبھرگئے ہیں۔ دوسری جانب دارالعلوم دیوبند نے بھی 20 نرسوں اور3 ڈاکٹروں کے ساتھ 142 بستروں پر مشتمل اسپتال کی سہولت کورونا وائرس کے مریضوں کو فراہم کی ہے، جن میں ہر مذہب کے لوگ زیر علاج ہیں۔ مسجد کی کمیٹی رکن نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کے مریضوں کے لیے ایک ہزاربیڈ پر مشتمل اسپتال بنا سکتے ہیں، تاہم آکسیجن کی فراہمی میں رکاوٹ ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے شہریوں کے لواحقین لاشیں چھوڑ کر فرار ہو رہے ہیں، جب کہ مودی سرکار اس بحران میں بھی بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے انکشاف کیا ہے کہ کورونا کی خوفناک صورتحال میں بھارتی حکومت نے شہریوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ لوگ اپنے پیاروں کوبچانے اورآکسیجن کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کی دوسری لہرمیں بھارت کا نظام صحت تباہ ہوگیا اور بھارتی حکومت نے شہریوں کو لاوارث چھوڑ دیا ہے۔ اسپتالوں میں آکسیجن، بستراور دوائیں میسر نہیں ہیں، اور سرکاری اسپتالوں میں کوئی فون کاجواب نہیں دے رہا اور نہ ہی مدد کررہاہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آکسیجن سلنڈر کے لیے طویل قطاریں لگیں ہوئی ہیں اور حکومت کی آفیشل ہیلپ لائن بھی کام نہیں کر رہی۔واضح رہے کہ بھارت میں مودی سرکاری کی ناقص پالیسیوں کے باعث ملک کی حالت تشویشناک حد تک بگڑ چکی ہے۔ بی جے پی کی حکومت نے دنیا سے اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے سوشل میڈیا پر قدغنوں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے،تاہم عالمی میڈیا نے اب بھارتی حکومت کو آڑھے ہاتھوں لینا شروع کردیا ہے۔اس سے قبل آسٹریلوی اخبار نے مودی حکومت کو ملک کی تباہی کا ذمے دار ٹھیرایا تھا۔