کوروناویکسین کے عمل میں عمر کی شرط ختم ہونی چاہیے‘مرتضیٰ وہاب

143
مشیر وزیراعلیٰ سندھ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں حکومت کو سخت فیصلے کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ویکسین کے عمل میں عمر کی شرط ختم ہونی چاہیے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جو تدابیر ہم نے پہلے کی تھیں وہ اس لہر میں بھی اختیار کرلیں کیونکہ عید اور رمضان اگلے سال پھر آئیں گے لیکن اگر کوئی پیارا بچھڑ گیا تو وہ واپس نہیں آئے گا۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ گزشتہ روز ایک لاکھ سے زائد پاکستانیوں نے ویکسین لگوائی، یہ خوش آئند ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، ویکسین فراہمی کے لیے وفاقی حکومت کو اپنا کردار ادا کرناچاہیے۔ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ آج 50 ہزار کورونا ٹیسٹ یومیہ ہورہے ہیں۔انہوں نے موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب یہ حکومت آئی تو اس وقت 55 روپے فی کلو چینی تھی اور اب چینی 55 سے 80 روپے فی کلو پر پہنچ گئی۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ جب چینی کی قیمت 80 روپے تک پہنچی تو عمران خان نے نوٹس لیا، جب کپتان نے نوٹس لیا تو چینی 80 روپے سے سنچری کر گئی۔