سعودی عرب میں انکم ٹیکس کسی بھی قیمت پر لاگو نہیں ہوگا، سعودی ولی عہد

486

ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں انکم ٹیکس کسی بھی قیمت پر لاگو نہیں ہوگا جبکہ آرامکو کے شیئر فروخت کرنے کیلیے عالمی کمپنی سے بات جاری ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایک انٹرویو میں شہزادہ محمد بن سلمان کا کہناتھا کہ ریاستی آئل فرم آرامکو کے ایک فیصد شیئر کو فروخت کرنے کے لیے عالمی کمپنی سے بات چیت چل رہی ہے اور  ہم کوئی بیرونی دباو قبول نہیں کرتے اور نہ کسی کو اپنے اندرونی امور میں مداخلت کی اجازت دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں انکم ٹیکس کسی بھی قیمت پر لاگو نہیں ہو گا، ان کے ملک میں بے روزگاری کی شرح 14 فیصد تھی جو کم ہو کر سال رواں کے دوران 11 فیصد تک آ جائے گی جبکہ وبا کے باوجود مختلف شعبوں میں کامیابی کے اعداد و شمار بہترین ہیں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ تیل نے سعودی عرب کو بے شک فائدہ پہنچایا تاہم سعودی عرب تیل کی دریافت سے پہلے سے موجود ہےجبکہ سعودی وژن 2030 زیادہ طاقتور معیشت اور سعودی عوام کو زیادہ بہتر زندگی فراہم کرنے کے لیے لایا گیا ہے ، جو اہداف کے قریب ہیں۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ پندرہ فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس پندرہ فیصد عارضی ہے، ویلیو ایڈڈ ٹیکس اس بات کی علامت ہے کہ سرکاری سبسڈی ایسے افراد کی جیبوں میں نہ جائے جو اس کے مستحق نہیں۔

انہو ں نے کہا کہ 2020 کے دوران ہم نے بہت سارے ریکارڈ توڑے اور اب ہم زیادہ بڑی کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں اور سعودی وژن 2030 کے پروگراموں نے غیرمعمولی کارنامے انجام دیے ہیں جبکہ صرف 5 برس کے دوران بنیادی ڈھانچے کے چیلنج پورے کیے۔

محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ میرا مفاد یہ ہے کہ وطن عزیز سعودی عرب ترقی کرے اور ہمارے عوام زندگی کے مختلف شعبوں میں مستقبل والے پروگراموں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں۔