کراچی کے مخصوص علاقوں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

313

کراچی: شہر قائد میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ضلع وسطی کے مزید علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جس کے تحت متاثرہ علاقوں میں اب مکمل ڈبل سواری پربھی پابندی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسسز کے پیش نظر ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر نے مختلف علاقوں کی یونین کونسلوں اور بلاکس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع وسطی کے چار ٹاونز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں مکمل مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ 27 اپریل سے ہوجائیگا جو 11 مئی تک جاری رہے گا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہےکہ ان چاروں ٹاؤنز میں کورونا کے 58 مریض موجود ہیں جبکہ ضلعی ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کے بعد مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔

خیال رہے ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہےکہ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد لازمی ماسک پہنیں گے جبکہ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی۔

دوسری جانب  مذکورہ علاقوں میں  تمام کاروباری و صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور ان علاقوں میں ڈبل سواری پر بھی مکمل پابندی عائد ہوگی جبکہ متاثرہ علاقوں میں کسی قسم کے فیملی اجتماعات پر بھی پابندی ہوگی۔

نوٹی فکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں کے کورونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ کریں گےجبکہ صوبائی حکومت متاثرہ علاقے میں مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔