سندھ میں شادی ہالز، کاروباری مراکز، پارکس، مزارات، بیوٹی پارلز بند کرنے کا نیاحکم نامہ جاری

314

کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس او پیز سے متعلق نیا حکم نامہ جاری کردیا ہے جو 17 مئی تک نافذ العمل رہےگا اور اس پر سختی سے عمل کروانے کے لئے اداروں کو کہہ دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق آج سے شام 6 بجے سےصبح سحری تک تمام کاروبار بند رہیں گے اور کاروباری اوقات کار صرف صبح 6 بجے سےشام 6 بجے تک ہوں گے جبکہ سندھ کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے اور تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند کردیے  گئے ہیں۔

جاری حکم نامے کے مطابق میرج ہالز، بزنس سینٹرز، ایکسپو ہالز، مزارات، بیوٹی پارلرز ، تھیم پارکس، امیوزمنٹ پارکس اور سینما مکمل بند رہیں گے جبکہ جمعہ اور اتوار کو صوبے بھر کے تمام کاروبار اور شاپنگ سینٹرز مکمل بند رکھے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن میں کہاگیا ہےکہ سندھ حکومت کے سرکاری دفاتر میں 20 فیصد عملہ صبح 9 سے 2 بجے تک ڈیوٹی پر موجود ہوگا، وفاقی حکومت اور نجی ادارے 50 فیصد عملہ بلانے کے پابند ہوں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کے انٹر سٹی پر 30 اپریل سے پابندی ہوگی جب کہ انٹر سٹی ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد مسافر سوار کرنا ہوں گے اور  ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا ہوگا۔

محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق  سندھ کے اسپتالوں میں ہونے ولے تمام آپریشنز پر وقتی پابندی ہوگی، تراویح کے اجتماع اور یوم علیؓ کے جلوس قومی اتفاق رائے کی بنیاد پر ہونگے۔

خیال رہے ملک بھر میں کورونا وائرس کے مزید 142 مریض زندگی کی بازی ہار گئے ، اموات کی مجموعی تعداد 17 ہزار 329 ہوگئی ہے جبکہ 4 ہزار 487 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 4 ہزار 939 ہوگئی ہے۔