کرونا کیسز میں اضافہ: ترکی میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان

384

انقرہ: ترکی میں کرونا کیسز میں اضافے کے بعد صدر طیب اردوان نے ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔

ترک میڈیا کے مطابق صدر اردوان نےملک میں مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کابینہ کے طویل اجلاس کے بعدکیا۔انہوں نے کہا کہ ترکی میں 29 اپریل سے17 مئی تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، اس دوران تمام اسکول بند رہیں گے،جبکہ سفر  کرنے کیلئے خصوصی اجازت درکار ہوگی،50 فیصد مسافروں کے ساتھ انٹرسٹی سروس چلائی جائے گی۔

لاک ڈاؤن کے دوران تمام افراد گھروں میں رہنے کے پابند ہیں تاہم صرف علاج کی غرض سے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی، اس کے علاوہ ایسے افراد جن کا تعلق میڈیسن، ایمرجنسی سروس اور اشیائے خورونوش کے محکموں سے ہے پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔

ترک وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 37 ہزار 312 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 353 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

نئے کیسز کے بعد ترکی میں کورونا سے مجموعی ہلاکتیں 38 ہزار 711 جبکہ متاثرہ مریضوں کی تعداد ساڑھے 46 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔