اشتعال انگیز تقریر کیس میں جاوید لطیف گرفتار

295

لاہور: حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف کو عبوری ضمانت خارج ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔

لاہور کے سیشن کورٹ میں جاوید لطیف کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج واجد منہاس نے کیس کی سماعت کی۔ جاوید لطیف اور سرکاری وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ جاوید لطیف کی اشتعال انگیز تقریر کیس میں عبوری ضمانت خارج کی جائے۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ جاوید لطیف کا متنازع بیان اپنے لیڈر کی محبت میں حدود سے تجاوز کے مترادف ہے۔

جاوید لطیف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کے پاس ان معاملات پر ایف آئی آر درج کرانے کا اختیار ہی نہیں۔ مریم نواز کو قتل کرنے کے لیے سازش تیار کی گئی۔

ایڈیشنل سیشن جج واجد منہاس نے دونوں کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔کچھ دیر بعد عدالت نے پراسیکیوٹر کی درخواست منظور کرتے ہوئے جاوید لطیف کی عبوری ضمانت خارج کردی اور انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

جاوید لطیف فیصلہ آنے سے قبل ہی عدالت سے روانہ ہوچکے تھے۔ جاوید لطیف کو سگیاں پل سے گرفتار کرلیا گیا۔